کوئی غدار نہیں، سب محب وطن ہیں،سعد رفیق
لاہور... وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قوم 25 جولائی کو الیکشن میں بہتر فیصلہ کریگی۔ ن لیگ الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لے گی۔ عوام کی دعاوں سے ہم فتح حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص لوگ ایجنڈے کے تحت ہم پر 5 سال الزام لگاتے رہے۔ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی غدار نہیں، سب محب وطن ہیں۔ ملک میں کوئی مخالف اور نہ کوئی غدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبصروں اور تقریروں کی اجازت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی چاہیں پیشیاں کرائیں فیصلہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے عوام نے کرنا ہے۔کوئی چاہے جتنا مرضی پراپیگنڈہ کرے انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر بہتر فیصلہ عوام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ا سددرانی کی کتاب نہیں پڑھی، اس پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ اسد درانی کی کتاب پڑھے بغیر ہی غداری کا تبصرہ کررہے ہیں۔ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف نے دو تہائی اکثریت بھی لی لیکن ان کے بیانیے اور موقف کی جو مقبولیت آج ملی ہے وہ اس سے پہلے کبھی نہیں ملی تھی ،جو نواز شریف کو زیر کرنا چاہتے ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ جو لیڈر شپ عوام میں سے جنم لیتی ہے جس کی جڑیں عوام میں ہوتی ہیں اسے دیوار کیساتھ لگایا جا سکتاہے اور نہ زندہ دیوار میں چنا جا سکتا ہے۔سب اداروں کی عزت ہے اور کسی ادارے کی عزت میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔پارلیمنٹ کو بھی عزت دینی چاہیے۔