لارڈز ٹیسٹ:اور اب پاکستانی ٹیم پر جرمانہ!!!
لندن: لارڈز ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم کو جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کو میچ فیس کا 60 فیصد جبکہ باقی کھلاڑیوں کو 30،30 فیصد جرمانہ کیا گیا۔آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے آن فیلڈ امپائرز پال رائفل، راڈ ٹکر اور فورتھ امپائر روب بیلی کی جانب سے سرفراز الیون پر مقررہ وقت میں 3 اوورز کم کروانے پر جرمانہ کی سزا سنائی۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق سلو اوور ریٹ پر ٹیم کے ہر کھلاڑی کو فی اوور 10،10 فیصد جبکہ کپتان کو ڈبل جرمانہ کیا جاتا ہے۔اگر پاکستان ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں 12 ماہ کے دوران دوبارہ سلو اوور ریٹ کی مرتکب قرار پائی تو کپتان کو ایک میچ میں معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سرفراز احمد نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کر لیا۔واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستانی شاہینوں کو 9وکٹوں سے ہرا کر مصباح الیون کے لگائے ہوئے زخم ہرے کر دیئے تھے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کو طرح طرح سے دباو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انگلینڈ کی وزیراعظم کا اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بذات خود گراونڈ میں آنا، پاکستانی کھلاڑیوں پر اسمارٹ واچ کا اسکینڈل اٹھانا اور اب میچ فیس کی کٹوتی کرنا ، امید ہے پاکستانی شاہین ان سب ہتھکنڈوں کو سمجھتے ہوئے یکم جون کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے بہتر حکمت عملی اپنائیں گے اور سیریز میں گوروں کو گوروں کے دیس میں وائٹ واش شکست دینے کی کوشش کریں گے۔