تاریخی ٹیسٹ کیلئے افغان ٹیم کے 4 اسپنرز
کابل: افغانستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ ہند کے خلاف شیڈول تاریخی ٹیسٹ میچ کیلئے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں راشد خان اور مجیب الرحمان سمیت 4 اسپنرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ برس افغانستان اور آئرلینڈ کو ٹیسٹ کھیلنے کا درجہ دیا تھا جہاں آئرش ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ ڈیبو کر چکی ہے جبکہ افغانستان کرکٹ ٹیم 14 جون کو ہند کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرے گی۔اس سے قبل افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 3 سے 7 جون تک کھیلی جائے گی اور افغان بورڈ نے دونوں سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔افغانستان کو ٹیسٹ میچ میں تجربہ کار فاسٹ بولر دولت زدران کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو گھٹنے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ ٹیسٹ میچ کیلئےاعلان کردہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان اصغر استنکزئی، جاوید احمدی، احسان اللہ، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، ناصرجمال، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، افسر زیزئی، محمد نبی، راشد خان، امیر حمزہ، سید شیرزاد، یامین احمدزئی، وفادار اور ظاہر شاہ شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کپتان اصغر استنکزئی، نجیب، عثمان غنی، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، شفیق اللہ، درویش رسولی، محمد نبی، راشد خان، گلبدین نائب، کریم جنت، شرف الدین اشرف، شاہ پور زدران اور آفتاب عالم شامل ہیں۔ادھرہند ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز وردھیمان ساہا کی فٹنس مسائل کے باعث آئندہ ماہ افغانستان کےخلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی۔ 25 مئی کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل کوالیفائر میچ کے دوران ساہا کی انگلی زخمی ہو گئی تھی۔بی سی سی آئی کا میڈیکل بورڈ ساہا کی انجری کا جائزہ لے رہا ہے تاہم اس وقت ان کی افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میں شرکت کے بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔دوسری جانب بنگلہ دیش ٹیم بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہے اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان فٹنس مسائل کے باعث افغانستان کے خلاف شیڈول ٹی20 سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ مستفیض الرحمان آئی پی ایل کے دوران انجری میں مبتلا ہوئے تھے اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر دیباشیش چوہدری کے مطابق اسکین سے معلوم ہوا ہے کہ مستفیض کو مکمل طور پر فٹ ہونے میں 3ہفتے لگیں گے اس لئے وہ افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔