Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ نے انسداد چھیڑ خانی جرم قانون کی منظوری دیدی

جدہ .... سعودی کابینہ نے 8دفعات پر مشتمل انسداد چھیڑ خانی جرم قانون کی منظوری دیدی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جدہ کے قصر السلام میں اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ادارے” واس“ کو بتایا کہ مختلف علاقائی و عالمی حالات حاضرہ پر اجلاس میں رپورٹیں پیش کی گئیں۔ کابینہ نے یمن، شام ، لبنان، اردن، سوڈان ، صومالیہ، میانمار اور روہنگیا کے مسلمانوں کو رمضان راشن فراہم کرنے پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ ”میکونو “طوفان سے متاثرین کو پیش کی جانےوالی سہولتوں کو بھی تسلی بخش قرار دیا۔ کابینہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب انسانی بحرانوں کے شکار بھائیوں کی خدمت کو اپنا دینی، اخلاقی اور انسانی فرض سمجھتا ہے۔ سعودی کابینہ نے شمالی بغداد کے الشعلہ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عراق کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف مہم میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ کابینہ نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے انسداد کیلئے حکومت ہند کیساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر داخلہ کو تفویض کیا۔ آبی وسائل کے نظم و نسق اور ماحولیاتی تحفظ میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت سنگاپور سے طے کرنے کا اختیار وزیر ماحولیات و پانی و زراعت جبکہ عراق کیساتھ برقی توانائی کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر توانائی و صنعت و معدنیات کے سپرد کیا۔
 
 

شیئر: