مغربی بنگال میں انتخابات کے بعد بھی تشدد کا بازار گرم
کولکتہ۔۔۔۔انتخابات مکمل ہونے کے بعد بھی پرولیا میں تشدد کا بازار گرم ہے۔ بھاجپا کارکن کو بلرام پور میں مبینہ طور پر قتل کرکے لاش درخت سے لٹکانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس کی شناخت ترلوچن مہتو کے طور پر ہوئی۔ اس واقعہ پر ترنمول کانگریس اور بی جے پی نے الزامات اور جوابی الزامات لگائے ۔ ترلوچن مہتو کی پیٹھ پر بنگالی زبان میں پوسٹر چسپاں کیا گیا جس پر تحریر ہے کہ بھاجپا کیلئے کام کروگے تو ایسا ہی حشر ہوگا۔ ساتھ ہی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو دھمکی بھی دی گئی۔ موقع سے پولیس نے بیگ اور موبائل برآمد کیا ۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی اور ملزمان کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔