پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز برابر، انگلینڈ نے لارڈز کا بدلہ لے لیا
لیڈز: انگلینڈ نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 55 رنز سے شکست دی کر لارڈز ٹیسٹ کی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے سیریز برابر کردی۔ ٹاس جیت کر کپتان سرفراز احمد کا فیصلہ صحیح ثابت نہیں ہوا جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایسے ہی مراحل سے گزرنا پڑا تھا۔ٹیسٹ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوگیا جبکہ دوسرے دن کا پہلا سیشن بارش کی نذر ہوگیا تھا۔لیڈز کے ہیڈنگلے گراونڈ میں انگلش بولرز نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کو سنبھلنے نہیں دیا ۔ امام الحق اور عثمان صلاح الدین کے علاوہ کوئی بیٹسمین انگلش بولنگ کا سامنا نہیں کرپایا۔ جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ کی سیم بولنگ نے پہلے ہی مشکلات کھڑی کی ہوئی تھیں۔دونوں نے اظہر علی، حارث سہیل اور اسد شفیق کو ایکسٹرا باونس کی مدد سے سنبھلنے نہیں دیا۔اظہر علی اننگز کے آغازمیں پراعتماد نظر آئے تاہم وہ جیمز اینڈرسن کی سیدھی آتی گیند کو سمجھ نہیں پائے اور بولڈ ہوگئے۔ ڈومینیک بیس نے حارث سہیل کا زبردست ڈائیونگ کیچ پکڑا۔اسد شفیق کو اسٹورٹ براڈ کی گیند پر ریویو لینے کے بعد امپائر نے فیصلہ بدل کر آوٹ قراردیدیا۔ 42 رنز پر 3وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستان کی ٹیم ہمت ہارتی گئی۔عثمان صلاح الدین نے امام الحق کے ساتھ شراکت میں 42 رنز بنائےتاہم نوجوان ا سپنر ڈومینک بیس نے پہلے اوور میں امام الحق کو34رنز پرایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے مزید دباو ڈال دیا۔ کپتان سرفراز احمد اور شاداب خان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور صرف 18 رن کے اضافے کے بعد دونوں بیٹسمین پویلین واپس چلے گئے۔شاداب خان نے پہلی اننگز میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔کچھ ہی دیر بعد فہیم اشرف 3رنز بنا کر ڈومینیک بیس کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیل کر آوٹ ہوگئے۔عثمان صلاح الدین 33 رن بنا کر بیس کی گیند پر انگلش کپتان جوئے روٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ حسن علی ایک چھکے کی مدد سے 9 رن بنا کر براڈ کی گیند پر سلپ میں کک کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور محمد عباس کی وکٹ کے براڈ حصے میں آئی۔ انگلینڈ نے جوز بٹلر کی 80رنز ناٹ آوٹ کے ساتھ پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر 189 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔جوز بٹلر کو ناٹ آوٹ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ اور محمد عباس کو مجموعی طور پر عمدہ بولنگ کرانے پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔