شہباز شریف آج نیب میں پیش ہونگے
لاہور .... وزیر اعلی پنجاب شہبا زشریف پیر کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں نیب کے سامنے پیش ہونگے۔ نیب نے انہیں گزشتہ ماہ نوٹس جاری کیا تھا ۔نیب ترجمان کے مطابق وزیر اعلی کو تمام افسران کی تنخواہوں اور مراعات کا ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب اس سے قبل آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈل میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے 56 کمپنیز کیس میں بھی وزیراعلی پنجاب کو طلب کر کے برہمی کا اظہار کیا۔چیف جسٹس نے شہباز شریف سے کہا یہ بتائیں کہ کمپنیز میں خلافِ قانون لاکھوں روپے کی بھرتیاں کیوں کیں۔کس بنیاد پر سرکاری افسران کو 25 25 لاکھ کی تنخواہیں دی گئیں۔چیف جسٹس نے شہباز شریف کا جواب مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جواب سے مطمئن نہیں۔ جن افسران کو لاکھوں کی مراعات دی گئیں۔ ان سے ایک ایک پائی واپس ہوگی۔ پیسوں کی واپسی کے آپ ذمہ دار ہیں۔ اگر پیسے واپس نہیں کئے گئے تو آپ کو نوٹس جاری کریں گے۔