خیبر پختونخوا: جسٹس (ر) دوست محمد خان نگراں وزیر اعلیٰ مقرر
اسلام آباد: جسٹس (ریٹائرڈ) دوست محمد خان کو صوبہ خیبر پختونخوا کا نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے گزشتہ روز ایک مراسلے میں بھجوائے گئے 4 ناموں پر غور و خوض کیا جس کے بعد جسٹس (ریٹائرڈ) دوست محمد خان کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر نگراں وزیر علیٰ کےلئے کسی نام پر بھی متفق نہیں ہو سکے تھے اور اس کےلئے منعقد کیا گیا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا، جس کے بعد پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی تاہم وہ بھی کسی ایک نام پر اتفاق نہ کر سکی۔ گزشتہ روز اعجاز قریشی، حمایت اللہ خان، منظور آفریدی اور جسٹس (ر) دوست محمد خان کے نام الیکشن کمیشن کے پاس بھیجے گئے تھے جس نے ان ناموں میں سے جسٹس (ر) دوست محمد خان کو صوبے کا نگرں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا ہے۔