کالا باغ ڈیم پر فیصلہ کرنا عدالت کا کام نہیں،خورشید شاہ
سکھر... پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمااور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کے حوالے سے فیصلہ کرنا یا اس پر سیمینار کرانا عدالت کا کام نہیں اس کے لئے مشترکہ مفادات کونسل موجود ہے ۔ کالاباغ ڈیم کاایشو ملکی وحدت کے لئے خطرہ ہے ۔پنوعاقل میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 206 سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اتحاد بنتے رہتے ہیں لیکن اب جو جی ڈی اے کا اتحاد بنا ہے ۔ اسے دیکھنا ہوگا کہ اس کے پیچھے کسی کا ہاتھ تونہیں اگر ہے توخدا کے واسطے وہ ہاتھ نکال جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مارشل لا کا کوئی امکان نہیں ۔جب چیف جسٹس یقین دہانی کراچکے ہیں تو ہمیں اس پر یقین کرلینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا انتخابات وقت پر نہ ہونے کے خدشات ضرور موجود ہیں لیکن ان انتخابات سے ملک کی سالمیت اور خود مختاری وابستہ ہے ۔ یہ الیکشن صحیح معنوں میں احتساب ہوگا جو عوام سیاستدانوں کا کریں گے ۔hس میں پولیس رینجرز اور فوج کا ہونا ضروری ہے ۔ اگر خدانخواستہ انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو حالات کشیدہ بھی ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے نگران وزیراعلی کی نامزدگی پر ن لیگ کے خدشات صحیح ہیں ۔ حسن عسکری اپنے کالموں میں ن لیگ پر تنقید کرچکے ہیں تاہم الیکشن کمیشن کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ دیئے گئے ناموں میں سے نگران وزیر اعلی کا فیصلہ کرے ۔