Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: ڈیفنس میں گاڑی اور بنگلے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

کراچی:  شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کو روکا میں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں ڈیفنس کے علاقے خیابان تنظیم میں سیاہ رنگ کی مشتبہ کرولا کار کو تلاشی کے لیے روکا گیا، جس کی چیکنگ کے دوران گاڑی میں سے 11 کلاشنکوف، 7 رپیٹرز اور 10 نائن ایم ایم پستول اور بڑی تعداد میں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ گاڑی کی ڈگری کے اندر رکھے سوٹ کیس میں چھپایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی پر ہرے رنگ کی نمبر پلیٹ لگی تھی۔ اس موقع پر کار میں سوار 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جن کی شناخت جاوید اشرف اور چنیسر کے نام سے بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر ایک بنگلے پر بھی چھاپا مارا گیا جہاں کے اسٹور روم سے مزید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق درخشاں اور کلفٹن تھانوں میں الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ گاڑی اور بنگلے کے مالکان فرار ہیں جبکہ ملازمین کو حراست میں لیا گیا ہے۔
 

شیئر: