پاک بحریہ نے ایرانی کشتی کے عملے کو بچا لیا
کراچی...پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے شمالی بحیرہ عرب میں ڈوبنے والی ایرانی کشتی کے عملے کو بچا لیا۔ایران کی الرحمانی نامی کشتی کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ نے فوری ردِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ ایرانی کشتی پر عملے کے11 افراد سوار تھے۔پاک بحریہ کے 2 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کو ڈوبنے والی ایرانی کشتی کی تلاش اور عملے کو بچانے کے لئے روانہ کیا گیا۔سرچ اینڈریسکیو آلات سے لیس پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز جن پر میڈیکل ٹیم بھی موجود تھی نے کم ترین ممکنہ وقت میں کراچی سے جنوب مغربی کھلے سمندر میں پہنچ کر ڈوبنے والی کشتی کی تلاش کا آپریشن فضا سے شروع کیا۔نامساعد سمندری حالت میں کٹھن سرچ آپریشن کے بعد ہیلی کاپٹرز کے عملے نے ڈوبنے والی کشتی کے عملے کو تلاش کیا۔ شمالی بحیرہ عرب میں معمول کی گشت پر مامور پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصر نے بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد فراہم کی۔ ایرانی کشتی کے عملے کے11 افراد کو انتہائی قلیل وقت میںبچا کر سی کنگ ہیلی کاپٹرز پر لایا گیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔بچ جانے والے افراد نے بہترین پیشہ ورانہ انداز میں بروقت ریسکیو آپریشن انجام دینے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا۔ ریسکیو آپریشن ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا ۔