بغداد ۔۔۔عراق کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران بیلٹ بکس نذرآتش کرنے کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں اور ایک سرکاری ملازم کو گرفتارکرلیا گیا ۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ اتوار کے روز عراق میں الیکشن کمیشن کے قائم کردہ ایک پولنگ مرکز پر رکھے گئے متعدد بیلٹ بکس نذرآتش ہوگئے تھے جس کے بعد ملک میں ایک نیا تنازع اٹھ کھڑا ہوا تھا۔ پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مئی میں ہونے والے انتخابات میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرے تاکہ الیکشن میں دھاندلی سے متعلق شبہات کا ازالہ کیا جاسکے۔وزیراعظم حیدر العبادی کے ترجمان سعد الحدیثی نے کہا ہے کہ ملک میں دوبارہ پارلیمانی انتخابات صرف سپریم وفاقی عدالت کی ذمہ داری اور اس کے دائرہ اختیار میں ہے۔اس کا انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں۔واضح رہے کہ عراق کی پارلیمنٹ نے مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیا تھا تاہم دارالحکومت بغداد میں اتوار کو بیلٹ بکس کے ایک گودام میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں نصف کے قریب بیلٹ بکس جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔