پاکستان کو8 جدید ترین چینی آبدوزوں کی فراہمی
اسلام آباد .. بحری دفاع کو مضبوط بنانے اور ہندوستانی بحریہ کا موثر اندازمیں مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان نے چین سے8 جدید ترین آبدوزیں حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق چین کی دفاعی پیداوار کے ادارے میں پاک بحریہ کیلئے 8آبدوزوں کی تیاری کا آغاز ہوگیا ۔ پاکستان 5ارب ڈالر کی لاگت سے 8چینی ساختہ آبدوزیں حاصل کریگا ۔ پاکستان کیلئے چینی ساختہ پہلی جدید ترین آبدوزکی اسٹیل کٹنگ کردی گئی ۔یوآن کلاس آبدوز پاک بحریہ کیلئے 2022میں دستیاب ہوگی ۔2022ءکے بعد ہر سال آبدوزیں بحری بیڑے کا حصہ بنےں گی ۔ آبدوزوں کی خریداری کادوطرفہ معاہدہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت ہوا ہے ۔ معاہدے کے تحت پاک بحریہ کیلئے 4آبدوزیں چین جبکہ 4پاکستان میں تیار ہوں گی ۔ پاکستان کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس بحریہ کیلئے 4آبدوزیں تیا رکریگا ۔ یہ آبدوزیں جدید ترین اسلحہ، ٹارپیڈوز، میزائلز سے لیس ہوں گی ۔ آبدوزیں جدید ایئر انڈیپنڈنٹ پرپلشن نظام اور کئی دیگر خوبیاں رکھتی ہیں ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاک بحریہ آبدوزوں کی شمولیت سے خطے کی طاقتور ترین بحری قوت بن جائیگی ۔