ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادر آباد ایک ہو گئے
کراچی.. ایم کیو ایم پی آئی بی اور ایم کیو ایم بہادر آباد ایک ہوگئے ۔ فاروق ستار اور ساتھیوں نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی سربراہ تسلیم اور پتنگ کے نشان پر مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ۔ایم کیو ایم پی آئی بی نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی تسلیم کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا اختیار بھی رابطہ کمیٹی کو دے دیا ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماعلی رضا عابدی نے اس بات کی تصدیق کی کہ بہادرآباد جانے کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا۔ ووٹروں، سپورٹروں اور کارکنوں کی یہی خواہش ہے کہ الیکشن پتنگ کے نشان پر لڑا جائے۔ایک قائد، ایک نشان اور ایک منشور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔دریں اثناءایم کیو ایم پی آئی بی کے سربراہ فاروق ستار چاند رات کو بہادرآباد مرکز پہنچ گئے ۔بعد ازاں خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔اس موقع پر خالد مقبول نے کہا کہ چاند رات کو چار چاند لگ گئے۔ ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ ایم کیو ایم ایک تنظیم تھی اور رہے گی۔فاروق ستار نے کہا کہ عوام نے ایم کیو ایم پاکستان کو ہر الیکشن میں کامیابی دلائی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان میں کوئی تقسیم نہیں۔ کوشش ہے ہر حال میں پارٹی کو تقسیم کرنے سے روکا جائے ۔ اس کامقصد سندھ کے شہروں میں متوسط طبقے کی یکجہتی کو برقرار رکھنا ہے۔ ٹنکی گراونڈ کے جلسے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ الیکشن نہیں اس کے بعد بھی متحد رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ہماری وجہ سے پریشان رہے۔ معافی مانگتا ہوں۔