اسلام آباد سے عمران،گلالئی اور شاہد خاقان کے کاغذات مسترد
اسلام آباد...قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف (گ) کی سربراہ عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے۔ عمران خان کے این اے 53 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار عبدالوہاب نے عمران خان کے خلاف اعتراضات ریٹرننگ افسر کو جمع کرائے تھے۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے آرٹیکل 62 قانون شہادت آرڈ ننس پڑھ کرسنایا اورکہا کہ عمران خان کے خلاف اعتراضات غیرتصدیق شدہ ہیں جوجعل سازی اورفراڈ پرمبنی ہیں۔ الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ پاکستان کی کسی بھی عدالت نے عمران خان کے خلاف فیصلہ نہیں دیا۔بابر اعوان نے کہا کہ آج کل مشہورشخصیات کا فیک ٹویٹراکاونٹ بنا کر ٹوئٹ کئے جاتے ہیں۔ پاکستان میں ہرجگہ پیسہ بولتا ہے۔پاکستان میں سائبرکرائم قانون موجود ہے جوفوٹو کاپیاں لگائی گئی سائبرکرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔اب خواہشات کو خبر بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ ریٹرننگ آفیسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے۔ اسی حلقے سے سابق وزیر اعظم سابق شاہد خاقان عباسی اور عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی نامکمل بیان حلفی پر مسترد کئے گئے ۔واضح رہے کہ عمران خان کے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 اور کراچی کے این اے 243 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔