مودی من کی بات کرتے دوسرے کی نہیں سنتے، اکھلیش
لکھنؤ۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ 4برسوں سے مسلسل اپنے من کی باتیں کرتے آرہے ہیں لیکن ان کے پاس کسانوں، نوجوانوں، غریبوں ، اقلیتوں کے من کی بات سننے کا وقت نہیں۔ یادو نے جاری کردہ بیان میں الزام لگایا کہ زراعت کبھی بھی بی جے پی کی ترجیحات میں شامل نہیں رہی۔بی جے پی کسانوں کے حالات بدلنے کا خواب دکھاکر سمجھتی ہے کہ اسکا فرض ادا ہوگیا۔ وزیر اعظم کئی برسوں سے کسانوں سے کہہ رہے ہیں کہ ان کی آمدنی بی جے پی حکومت 2022تک دگنی کردیگی لیکن اس کے دور اقتدار کے 4سال گزرنے پر کسانوں کی آمدنی بڑھنے کے بجائے صفر ہوکر رہ گئی۔ 2019ء میں پارلیمانی انتخابات ہونیوالے ہیں۔ ایسے میں کسانوں کے جذبات سے کھیلا جارہا ہے ۔ یادو نے کہا کہ بی جے حکومت کے مرکز میں 5بجٹ آچکے ہیں اور اتر پردیش میں 2بجٹ پیش ہوچکے ہیں لیکن کسانوں کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ گنا کسانوں کا اتر پردیش میں 10ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا بقایا ہے جبکہ کسانوں کو قرض معافی کے نام پر صرف دھوکہ دیا جارہا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے راحت کا کوئی بندوبست نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسان ایسے حالات میں مایوس ہوکر خود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔