طیارے سے مسافروں کو اتارنے کیلئے پائلٹ نے اے سی تیز کردیا
کولکتہ۔۔۔۔۔کولکتہ سے باگ ڈوگرا جانے والی ایئر ایشیا کی پرواز کے لیے مسافروں کو ایئر پورٹ اور طیارے میں تقریباً 4 گھنٹے تک انتظار کروایا گیا اور اس کے بعد حکم ہوا کہ جہاز سے اتر جائیں۔جب مسافروں نے جہاز سے اترنے سے انکار کیا تو طیارے کا اے سی فْل کردیا گیا جس کے باعث طیارے میں دھند پھیل گئی اورمتعدد مسافروں کی طبیعت خراب ہوگئی ۔مذکورہ پرواز میں 168 مسافر سوار تھے۔طیارے میں سواردیپانکر رائے نے بتایا کہ عملے کا رویہ انتہائی غیر پیشہ ورانہ اور خراب تھا۔مسافروں کو ڈیڑھ گھنٹے تک طیارے میں بٹھائے رکھا گیا بعد ازاں انہیں اترنے پر مجبور کیا گیا۔ایئرلائن نے دعویٰ کیا کہ طیارے میں ٹیکنیکل خرابی کے دوران مسافروں کو ریفریشمنٹ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متبادل انتظامات بھی کیے گئے۔تاہم اس حوالے سے دیپانکر رائے نے بتایا کہ انتظامیہ نے مسافروں کو جہاز سے اتارنے کے بعد کہا کہ وہ ایئرپورٹ کے فوڈ کورٹ میں چلے جائیں اور وہاں کھانا حاصل کرنے کے لیے اپنے بورڈنگ پاس دکھائیں لیکن جب وہاں پہنچے تو فوڈ کورٹ والوں نے کھانا دینے سے انکار کردیا اور جب دوبارہ فلائٹ میں سوار ہوئے تو ایئرلائن انتظامیہ نے سینڈوچ اور ایک پانی کی بوتل فراہم کی، یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔