Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ زمبابوے آسان نہیں،فارم میں رہنا ہوگا، سرفراز احمد

 
  کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اوپنر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے سے لا علمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی ریٹائر منٹ کی باتیں صرف قیاس آرائی ہے ان کا کہنا تھا کہ مجھے احمد شہزاد کے حوالے سے ڈوپنگ کے معاملے کا کوئی علم نہیں اور میں نے بھی اس بارے میں صرف میڈیا میں آنے والی خبریں دیکھی ہیں جبکہ بورڈ کی جانب سے بھی باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔جب ان سے اوپنر کو دورہ زمبابوے کیلئے ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی حالیہ فارم اس حوالے سے رکاوٹ ہے۔ محمد عامر کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں ان کی ریٹائر منٹ کی افواہیں کون پھیلا رہا ہے۔ محمدعامر صرف26سال کے ہیں اور کسی فٹنس مسئلے کا شکار بھی نہیں تو ان کے ریٹائر ہونے کی باتوں کا کیا جواز ہے؟ دورہ زمبابوے اور سہ فریقی سیریز کے بارے میں سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کو فارم میں رہنا ہوگا کیونکہ یہ دور ہ آسان ہر گز نہیں ۔ زمبابوے میں آسٹریلیا سے بھی مقابلہ ہوگا جو کمزور نہیں البتہ ان دنوں اپنے برے دور سے گزر رہی ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی ایسا فارمیٹ ہے جس میں کبھی کسی ٹیم کو کمزور نہیں کہا جا سکتا۔ دوسری جانب زمبابوے بھی اپنی ہوم کنڈیشنز میں اچھی ٹیم ہے، اس لئے پوری امید ہے کہ سہ ملکی سیریز کے دوران اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں، ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کے بارے میں پاکستانی کپتان نے کہا کہ ہمیں جہاں ضرورت ہو گی کسی نئے کھلاڑی کو موقع ملے گا تاکہ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملتا رہے۔ دریں اثناء سرفرازاحمد جو پی آئی اے میں ملازم بھی ہیں انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ کھلاڑیوں کو حاضری کیلئے دفتر آکر انگوٹھا لگانے کی شرط سے مستثنیٰ کیا جائے کیونکہ کھلاڑی کیلئے یہ ممکن نہیں۔ پی آئی اے کے ملازم کھلاڑیوں کو تنخواہوں کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔ اب ٹیم بیرونی دورے پر جا رہی ہے تو ہمارے لئے اس شرط پرعمل کیسے ممکن ہوگا۔ اس لئے معاملے پر غور کی ضرورت ہے۔
 

شیئر: