اندرونی اختلافات‘ لاہور میں ن لیگ کی سیاسی سرگرمیاں متاثر
لاہور: آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن میں اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ن لیگ کے گڑھ لاہور کے کئی علاقوں میں پارٹی کی انتخابی سرگرمیاں تاحال شروع نہیں کی جا سکیں۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں بلال یاسین اور ان کے مخالف ایاز بوبی گروپ کے درمیان تناؤ تاحال برقرار ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 161 سے فیصل سیف کھوکھر کو ٹکٹ نہ دیے جانے پر کھوکھر برادران بھی لیگی قیادت سے نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 میں بھی اسی طرح کا تناؤ برقرار ہے جبکہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنما ناراض کارکنان کو منانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔