Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج کی زیر نگرانی بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع

اسلام آباد... سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب ملک نے کہاہے کہ اگلے عام انتخابات کےلئے2 2کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا آغاز پاک فوج کی نگرانی میں شروع کر دیا گیا ۔بیلٹ پیپرز کی چھپائی 20جولائی تک مکمل کر لی جائے گی۔پنجاب اور خِیبر پختونخوا میں پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال بہتر جبکہ سندھ اور بلوچستان میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔تبادلوں اور تعیناتیوں میں الیکشن کمیشن صرف اجازت دینے تک اختیار رکھتا ہے۔ سفارشات متعلقہ محکموں کی جانب سے بھجوائی جاتی ہیں۔اثاثے نہ جمع کرانے والے نگران وفاقی اور صوبائی وزرا کے خلاف آج کارروائی کی جائے گی ۔ اسلام آباد میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ 10کروڑ سے زائد بیلٹ پیپرز سیکورٹی پرنٹنگ پریس کراچی 7کروڑ کے قریب پوسٹل پرنٹنگ پریس جبکہ 3 کروڑ سے زائدپرنٹنگ کارپوریشن میں چھاپے جائیں گی ۔انہوںنے بتایاکہ کراچی سیکورٹی پرنٹنگ پریس میں چھپنے والے بیلٹ پیپرزسندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب کو بھجوائے جائیں گے ۔ پرنٹنگ کارپوریشن میں چھپنے والے بیلٹ پیپرز خیبر پختونخوا اور پوسٹل پرنٹنگ پریس میں چھپنے والے بیلٹ پیپرز پنجاب کو سپلائی کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کےلئے واٹر مارک پیپر منگوایا گیا ہے جس میں خصوصی فیچر ز موجود ہیں جس کی نقالی کرنا ممکن نہیں ۔ اسی طرح بیلٹ پیپرزکی نمبرنگ بھی پرنٹنگ پریس میں ہوگی ۔ گذشتہ انتخابات کے موقع پر بیلٹ پیپرز کی نمبرنگ کے حوالے سے جو شکایات تھی اس کا خاتمہ کر دیا گیا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ پرنٹنگ پریسوں کو بیرون ملک سے درآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز کی ترسیل جاری ہے جس میں سی ون تھرٹی طیاروں سمیت پی آئی اے کا خصوصی تعاون حاصل ہے۔ پنجاب اورسندھ کو بیلٹ پیپرز کی ترسیل بذریعہ روڈ جبکہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور بلوچستان کو بذریعہ جہاز بھجوائے جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ ملک بھر کے سرکاری اداروں میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے معاملات میں الیکشن کمیشن کا کوئی کردار نہیں ۔ متعلقہ ادارے الیکشن کمیشن کو اپنے اداروں میں تعیناتیوں اور تبادلوں کی سفارشات بھجواتے ہیں ۔الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کے مطابق ان کی منظوری دیتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کسی بھی انتخابی نشان کی الاٹمنٹ میں الیکشن کمیشن کا کوئی کردار نہیں ۔ تمام انتخابی نشانات ریٹرننگ افسران جاری کرتے ہیں ۔
مزید پڑھیں:علیحدہ گروپ بنانے کی کوشش ہور ہی ہے،نواز شریف

شیئر: