ہر طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں،بلاول
حیدرآباد...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر طرف سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور کام کرنے سے روکا جا رہا ہے، اب میں نکل چکا ہوں تو ہار نہیں مانوں گا، بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنا ہے۔ پاکستان کو بچانا ہے۔جی ڈی اے جیسے کٹھ پتلی الائنس بنتے رہتے ہیں۔ کوئی فرق نہیں پڑتا۔ قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ نے سندھ میں تاریخی ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ اور کسی کے پاس کوئی منشور نہیں ۔ پیپلزپارٹی کے انقلابی منشور کے ساتھ اپنی پہلی انتخابی مہم پر نکلا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو پارٹی چھوڑنے کے لئے دھمکایا جا رہا ہے۔ اب نکل کھڑا ہوا ہوں ہار کیسے مانوں گا ۔ جیت چکا ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں بھی ہمارے مقابلے میں10 جماعتی اتحاد بنایا گیا تھا لیکن جیت پیپلزپارٹی کی ہوئی تھی۔ اب بھی جی ڈی اے جیسے کٹھ پتلی اتحاد سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرنا چاہیے۔ بلاول نے کہا کہ کچھ لوگ جمہوریت نہیں چاہتے اور وہ مسلسل جمہوریت میں رکاوٹیں ڈالنے کے لئے سازشیں کرتے رہتے ہیں لیکن ہم نے بی بی کے وعدے کو پورا کرنا ہے۔ پاکستان کو بچا نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا تھا اسی طرح میرے دست و بازو بنیں۔ قوم کی تقدیر بدل دوں گا۔ تمام مسائل حل کریں گے۔ نوکریاں بھی دی جائیں گی۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کاشتکاروں کے لئے کسان کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو 30 سال سے نظرانداز کیا گیا ۔ کراچی کو صحیح معنوں میں کراچی بنائیں گے ۔تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔