متحدہ کے سابق ارکان اسمبلی کے خلاف فاروق ستار کا ریفرنس خارج
کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے پارٹی کے 14 منحرف ہونے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف دائر ریفرنس کو خارج کردیا۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے پارٹی چھوڑنے والے 14 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف گزشتہ سال ریفرنس دائر کیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ کے رکن عبدالغفار سومرو کی زیر سربراہی 3 رکنی کمیشن نے فاروق ستار کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنسز پر سماعت کی اور ایم کیوایم پاکستان کے منحرف سابق قومی وصوبائی اسمبلی کے اراکین کے خلاف ریفرنسز خارج کردیے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ریفرنسز اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے اور فاروق ستار کی کنوینیئر شپ ختم ہونے پر خارج کیے گئے ۔واضح رہے کہ متحدہ رہنما کی جانب سے آصف حسنین ،سفیان یوسف، سلمان بلوچ، شیراز وحید، ارم عظیم فاروقی، بلقیس مختار، عارف مسیح بھٹی، ندیم رضی، ارتضیٰ خلیل کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے ریفرنسز دائر کیے تھے ۔ اس کے علاوہ محمود عبدالرزاق، دلاورخان، خالد بن ولایت اور ہیروسوہو کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیے گئے تھے ۔