Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساما نے تھرڈ پارٹی انشورنس کی نئی مشترکہ دستاویز جاری کردی

ریاض.... سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی ساما نے تھرڈ پارٹی انشورنس کی نئی مشترکہ دستاویز جاری کردی۔مملکت بھر میں تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ کسی نہ کسی رجسٹرڈ کمپنی سے گاڑی کا انشورنس کرائیں۔مملکت میں ساما ہی کوآپریٹو انشورنس کمپنیوں کی نگرانی اور انشورنس قانون کے قاعدے ضابطے تجویز کرنے کا مجاز ہے۔ انشورنس کی نئی دستاویز میں تحریر کیا گیا ہے کہ پالیسی خریدنے والے سے مطالبہ موصول ہونے پر انشورنس کمپنی صارف کو اطلاع دینے کی پابند ہے۔ اگر انشورنس کرانے والا کوئی فرد ہے تو 3دن کے اندر اور کوئی کمپنی ہے تو 9دن کے اندر مطالبے کی فائل میں موجود کمی سے مطلع کرنا کمپنی کی ذمہ داری ہے۔ انشورنس کمپنی ضرورت پڑنے پر متاثرہ گاڑی کے نقصان کا اندازہ کرنے کیلئے ماہر کی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔ یہ کام اسے افراد کے حوالے سے 3دن کے اندر اور کمپنیو ںکے حوالے سے 9دن کے اندر انجام دینا ہوگا۔ ساما نے انشورنس کمپنیو ںپر یہ پابندی بھی عائد کی ہے کہ وہ افراد کو زیادہ سے زیادہ 15دن اور کمپنی کو زیادہ سے زیادہ 45دن کے اندر کسی بھاﺅ تاﺅ کے بغیر انصاف کے ساتھ مطالبے ادا کرنے کی پابندہیں۔اگر انشورنس کرانے والے نے عدالتی فیصلے کی بنیاد پر معاوضے کا مطالبہ کیا ہو توایسی حالت میں انشورنس کمپنی کو عدالتی فیصلے کے مطابق معاوضہ ادا کرنا ہوگا۔ اگر کسی قانونی سبب کے بغیر مقررہ مدت کے اندر کمپنی نے معاوضہ ادا نہ کیا تو ایسی صورت میں انشورنس کرانے والا ساما کی ویب سائٹ ”ساما تھتم“ پر جاکر شکایت درج کراسکتا ہے۔ وہ کمپنی کو معاوضے کا پابند بنانے کیلئے انشورنس خلاف ورزیوںاور تنازعات نمٹانے والی کمیٹیوں سے بھی رجوع کرسکتا ہے۔ اگر کمپنی نے جزوی یا کلی طور پر مطالبہ مسترد کیا تو ایسی صورت میں اسے اول تو انشورنس کرانے والے کو یہ بتانا پڑیگا کہ مطالبہ کلی یا جزوی طور پر کیوں مسترد کیا جارہا ہے اور کمپنی کو اس امر کی بھی پابندی کرنا پڑیگی کہ وہ انشورنس اسکیم خریدنے والے کو اس امر سے مطلع کرے کہ وہ اب کمپنی کے خلاف ساما سے رجوع کرسکتا ہے۔ انشورنس دستاویز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کمپنی تھرڈ پارٹی معاوضہ ادا کرنے کے ساتھ ڈرائیور یا انشورنس اسکیم خریدنے والے یا حادثے کا باعث بننے والے کے خلاف متعلقہ ادارے سے رجوع کرے اور مخصوص حالات میں تھرڈ پارٹی کو ادا کردہ معاوضہ کی واپس کیلئے کارروائی کرے۔ مثال کے طورپر اگر حادثے سے متاثرہ گاڑی غیر قانونی طریقے سے استعمال کی جارہی ہو ۔ مثلاً حادثے کے وقت اس میں مقررہ تعداد سے زیادہ ا فراد سوار ہوں۔ ڈرائیور اسے مخالف سمت میں چلا رہا ہو۔ یا نشہ آور اشیاءیا شراب یا مسکن گولیوں کے زیر اثر ڈرائیونگ کررہا ہو یا 18برس سے کم عمر کا لڑکا حادثے کے وقت گاڑی کا ڈرائیور بنا ہوا ہو۔ انشورنس دستاویز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بعض حالات ایسے ہیں جن میں انشورنس کمپنی معاوضہ ادا کرنے کی پابند نہیں ہوگی۔
  

شیئر: