برطانیہ بھی نوازشریف کے خلاف تحقیقات کرے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل
لندن... ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے فیصلے کے بعد بیان میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی برطانیہ میں موجود نمائندہ ریچل ڈیویس نے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا میں لندن کی جن جائیدادوں کا تذکرہ ہے۔ان جائدادوں سے متعلق تحقیقات کی جائیں۔انہوںنے کہا کہ برطانوی حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ شریف خاندان لندن میں کرپشن سے بنائی گئی جائداد کواستعمال نہ کرسکے۔تنظیم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ حکام برطانیہ میں ناجائز ذرائع سے بنائی گئی شریف خاندان کی دیگر ممکنہ جائیدادوں کاپتہ چلانے کی کوشش بھی کریں گے۔ ٹرانسپرنسی نے کہا کہ یہ اہم ٹیسٹ کیس ہے کہ برطانوی حکومت کرپشن کے پیسے کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں کتنی سنجیدہ ہے۔تنظیم نے اس سلسلے میں برطانیہ میں ہونے والی اس قانون سازی کا بھی تذکرہ کیا ہے کہ جس میں یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ برطانیہ میں جائیداد خریدتے وقت اصل مالکان کانام ظاہر کرنا ہوگا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہاکہ اگر ثابت ہوگیا کہ لندن میں جائیدادیں کرپشن کے پیسے سے خریدی گئی ہیںتو ضبطگی کی کارروائی کی جانی چاہیے۔