پاک،امر یکہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں،علی جہانگیر
واشنگٹن...امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ دونوں کو احساس ہے کہ ان کے باہمی تعلقات70 سال پرانے ہیں۔ دونوں ممالک کی کوششوں سے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ شمالی امر یکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے ٹیکساس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے۔پاکستان کا امن افغانستان کے امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات70 سال پرانے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاو آتے رہے ہیں تاہم خطے میں قیام امن کیلئے دونوں ممالک کا تعاون ناگزیرہے۔دونوں ممالک کی کوششوں سے تعلقات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ۔ جلد اس کا عملی ثبوت دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہتر سے بہتر ہوں تا کہ خطے میں قیام امن جاری کوششوں کو تقویت مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاک، امریکہ نہ صرف خطے میں قیام امن میں تعاون بلکہ معاشی سطح پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ قریب ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت کے دور س نتائج برآمدہو رہے ہیں۔یہ خوش آئند بات ہے کہ خطے دیگر ممالک نے سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کا رخ کرلیا ۔پاکستان سرمایہ کاروں کو تمام ضروری وسائل فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کا پاکستان کی رجوع کرنا ہماری بڑی کامیابی ہے۔ ایسے اقدامات سے پاکستان اور دیگر ممالک میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا ۔