ہارون بلور کی تدفین آج ہوگی
پشاور... پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کے انتخابی جلسے کے دوران خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد14 ہوگئی۔جاں بحق ہونے والے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے بیرسٹر ہارون بلورکی میت اسپتال سے ان کی رہائش پر پہنچا دی گئی۔ نماز جنازہ بدھ کی شام وزیر باغ میں ادا کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد کارنر میٹنگ میں پہلے سے موجود تھا۔ خودکش حملہ آور نے ہارون بلور کو گلے لگاتے ہوئے خودکو دھماکے سے اڑایا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 8کلو گرام ٹی این ٹی مواد استعمال ہوا۔دریں اثناءاے این پی کے رہنما افتخار حسین نے کہا کہ حکومت تحفظ فراہم کرے ، یہ ظلم کی انتہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید کوئی انتخابات کو سبو تاژ کر نا چا ہتا ہے۔ اے این پی کو انتخابات سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے مگر ہم انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے۔