Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حادثہ سے بڑا حادثہ یہ ہوا۔۔۔۔۔۔؟

جے پور۔۔۔۔راجستھان کے باڑمیر سے انسانیت کو شرمسار کرنیوالی تصاویر سامنے آئی ہیں۔باڑمیر کے چوہٹن علاقے میں ایک اسکول بس اور موٹر سائیکل کے مابین تصادم کے نتیجے میں 3نوجوان زخمی ہوگئے ۔ 2کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک سڑک پر تڑپتا اور مدد کی بھیک مانگتا رہا ۔ موقع پر موجود لوگ زخمی نوجوان کو فوراً اسپتال پہنچانے کے بجائے تماشہ بین بنے رہے اور بعض نے سیلفی اور وڈیو بنانا شروع کردیا اور بالآخر نوجوان نے تڑپ کر جان دیدی۔واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے سڑک حادثے کا شکار ہونیوالوں کی مدد کرنیوالوں کے تحفظ کی ضمانت دے رکھی ہے پھر بھی لوگوں میں اس قدر بے حسی پھیلتی جارہی ہے کہ متاثرہ شخص کی مدد کے بجائے سیلفی لینا اہم سمجھنے لگے ہیں۔یاد رہے کہ 2017ء میں لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل اسپتال میں 3خواتین کانسٹیبلز کی زیادتی کا شکار ہونیوالی خاتون کے ساتھ لی گئی سیلفی وائرل ہونے کے بعد انہیں معطل کردیا گیا تھا۔اسی سال دہلی کے رہنے والے 2طالب علم ٹرین کے سامنے خطرناک کرتب کی سیلفی بناکرسوشل میڈیا پراپ لوڈ کرنا چاہتے تھے۔ اس کوشش میں دونوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ سیلفی بنانے کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ مختلف حادثات و واقعات کے رونما ہونے پر لوگ عموماً مدد کی بجائے سیلفی بنانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔یہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو کسی حادثے سے کم نہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -کانپور: قنوج کے قریب سڑک حادثہ ،8افراد ہلاک

شیئر: