#ہارون بلور
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
خودکش بم دھماکے میں اے این پی کے رہنما اور انتخابی امیدوار ہارون بلور سمیت متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر لوگوں نے ٹویٹر پر واقعہ کی شدید مذمت کی۔
شمع جونیجو ٹویٹ کرتی ہیں :پشاورمیں ہارون بلور کی شہادت پر دل ٹوٹ گیا ۔ آخر پی پی ، پی ایم ایل ن اور اے این پی کو ہی کیوں نشانہ بنایا جارہاہے؟
نادیہ کہتی ہیں :دلیر باپ کا دلیر بیٹا ،ہارون بلور... انکے والد بشیر بلور اپنی اہلیہ سے کہا کرتے تھے کہ اگر گولیاں میرے سینے کے بجائے کمر پر لگیں تو میری شکل نہ دیکھنا۔ انکی شہادت کے بعد انکی اہلیہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مرنے کے بعد پہلے انکا سینہ دیکھا پھر شکل دیکھی۔ یہ بات اُن کے بھائی غلام احمد بلور نے بتائی تھی۔
سید رضا مہدی ٹویٹ کرتے ہیں :ہارون بلور کا دلیرزخمی بیٹا دانیال بلور اس ایمبولینس کی چھت پر بیٹھا تھا جس میں باپ کی میت لیجائی جارہی تھی۔ وہ نعرے لگا رہا تھا کہ ”زندہ ہے بلور زندہ ہے“۔
رضا احمد رومی لکھتے ہیں: بلور خاندان نے ملک کیلئے بڑی جانیں قربان کی ہیں۔ 6سال پہلے انکے والد ہلاک ہوئے۔ طالبان ہی اس ہلاکت کے ذمہ دار تھے۔ اب ہارون بلور کو ہلاک کیا گیا۔
عبدالمنان ٹویٹ کرتے ہیں: شہید باپ کا شہید بیٹا۔ شہید کا پوتا دانیال بلور ہے جو زخمی ہے۔
محمد تقی کا ٹویٹ ہے: مجھے وہ دن یاد ہے جب ہارون بلور قانون کی ڈگری لیکر انگلینڈ سے واپس آئے اور انہوں نے میرے چچا کیساتھ اپرنٹس شپ کی تھی۔ اسے شہید کردیا گیا۔ شہید کے خاندان والوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
احتشام الحق ٹویٹ کرتے ہیں : 2013ءکے انتخابات میں ہارون کے والد کو قتل کیا گیا اور اب 2018ءمیں ان کے بیٹے کو شہید کردیا گیا۔
مہرین آفریدی کا ٹویٹ ہے :اسفند یار کو اب نکل کر باہر آنا چاہئے اور پوچھنا چاہئے کہ آخر یہ سب اے این پی کیساتھ ہی کیوں ہورہا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭