مانچسٹر ایئرپورٹ کی کار پارکنگ میں چوریاں
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
مانچسٹر.... کہتے ہیں کہ جس طرح پولیس اور سیکیورٹی ادارے ہر ممکن حد تک اپنے فرائض کی انجام دہی کی کوشش کرتے ہیں اسی طرح چور اور قانون شکن بھی ارتکاب جرم میں کوئی کسر چھوڑنا گوارہ نہیں کرتے۔ اس حوالے سے یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل مانچسٹر ایئرپورٹ پر جو کثیر المنزلہ کار پارکنگ بنائی گئی تھی وہاں کھڑی گاڑیوں میں بھی چوروں نے وارداتیں کیں اور اس غرض سے انہوں نے متعدد قیمتی گاڑیوں کے شیشے توڑے۔ مجموعی طور پر چوروں کی اس حرکت سے 2لاکھ35ہزار پونڈ مالیت کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ جن میں رینج روور ، مرسیڈ یز او ر اسپورٹس کاریں شامل ہیں۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہناہے کہ کار پارکنگ کی بالائی منزل پرعلاقے کی سیر کو آئے ہوئے بہت سے لوگوں نے اپنی گاڑیاں کئی کئی دنوں تک کھڑی چھوڑ دی تھیں اور سیر و تفریح کیلئے نکل کھڑے ہوئے تھے۔ چوروں نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھایا۔ چوروں کی جانب سے کی جانے والی تازہ ترین واردات کی شکار 61ہزار پونڈ کی بی ایم ڈبلیو کار ہوئی ہے اور پولیس کا کہناہے کہ چوروں نے نقدی اور دیگر قیمتی اشیاءپر ہاتھ صاف کرنے کی غرض سے یہ حرکت کی۔ گریٹر مانچسٹر پولیس نے پورے واقعہ کی چھان بین شروع کردی ہے اور ان لوگوں سے رابطے کئے جارہے ہیں جنہوں نے یہاں اپنی گاڑیاں کھڑی کی تھیں۔ کار پارکنگ کی بالائی منزل پر کھڑی گاڑیوں کے شیشوں کی توڑ پھوڑ کی آواز سب سے پہلے پارک کے نیچے سے گزرنے والے ایک راہگیر نے سنی اور اس نے سیکیورٹی کو صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی اہلکار گاڑیو ںکے قریب پہنچے اور نقصان کا جائزہ لینے کے بعد چھان بین شروع کردی ہے۔