پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے، بلاول
اتوار 15 جولائی 2018 3:00
مالاکنڈ...پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور چند دیگر سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جارہا ہے۔یکساں مواقع نہیں د ئیے جارہے۔ متنازع الیکشن کا نتیجہ متنازع پارلیمنٹ کی صورت میں نکلے گا جو ملک کے مفاد میں نہیں۔مالاکنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے۔ مخصوص جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن اور سینیٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔ مختلف علاقوں میں انتظامیہ کی جانب سے پی پی پی کے امیدواروں اور کارکنوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور نشانہ بنایا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ الیکشن کے لئے سازگار ماحول نہیں مل رہا۔ اچ شریف اور ملتان میں ہمارے جلسے منسوخ کئے گئے۔ کب تک یہ برداشت کریں گے۔ایک سوال پر بلاول نے کہا کہ اداروں میں ٹکراو نہیں ہونا چاہیے۔سب کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی گرفتاری قانون کے دائرے میں ہوئی لیکن سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ بلاول نے کہا کہ جلسہ منسوخ ہونے کے باوجود مالا کنڈ آیا ہوں۔ عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہئیں اگر کمزور پارلیمنٹ بنی تو عوامی مسائل کے حل میں مشکلات ہونگی۔