Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہنگائی کا خاتمہ کرکے دکھاوں گا،عمران خان

  جھنگ ...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کا بلدیاتی نظام ٹھیک کریں گے ۔ اقتدار میں آ کر بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے ۔ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کریں گے ۔ مغربی ممالک کی جمہوریت ہم سے بہت آگے نکل گئی ۔جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ فیصلے لاہور میں ہوں گے تو دیگر شہروں کے مسائل بڑھیں گے ۔ پنجاب کا آدھا فنڈ لاہور پر لگا دیا جاتا ہے ۔ شہباز شریف نے کمیشن کے لئے60 ارب روپے سے ملتان میٹرو بنائی ۔ وہاں کے شہریوں کو میٹرو کی ضرورت نہیں تھی ۔ ملتان میٹرو بنا کر شریف خاندان نے پیسہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔ حکومت بنا کر50 لاکھ سستے گھر بنا ئیں گے ۔ اس سے روزگار میں اضافہ ہو گا ۔پاکستان سے پیسہ اکھٹا کرکے دکھاوں گا ۔ ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کر کے دکھائیں گے ۔25 جولائی کو تحریک انصاف کامیاب ہوگی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ برادریوں کے بجائے بلے کو ووٹ دیں ۔ دریں اثناء کوئٹہ کے دورے کے موقع پر سی ایم ایچ میں سانحہ مستونگ کی زخمیوں کی عیادت کر نے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے عمران خان نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے پیچھے ملک دشمن عناصر ہیں جو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کا التوا چاہتے ہیں ۔ الیکشن ملتوی ہوئے تو دہشت گرد کامیاب ہوجائیں گے ۔دہشت گردی کے خوف سے تحریک انصاف جلسے منسوخ نہیں کرے گی ۔ سانحہ مستونگ کا واقعہ انتہائی دردناک اور افسوسناک واقعہ ہے ۔ سانحہ مستونگ نے انتخابی مہم پر منفی اثرات مرتب کر دیئے ۔ تمام تر حالات کے باوجود انتخابی مہم جاری ر ہے گی ۔ دہشت گردی کے خوف سے تحریک انصاف جلسے منسوخ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کا مقصد خوف پھیلانا اور الیکشن سبوتاژ کرنا ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پورے ملک کو اکٹھا ہونا پڑے گا ۔ پولیس کو دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے بڑا کردار ادا کرنا پڑے گا ۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جس سے ملک مقروض ہوگیا ۔ پیسے کی قدر میں کمی ہوئی اور ملکی معیشت دیوالیہ ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں ان کے ساتھ نہیں مل سکتے ۔ اقتدار میں آنے کا فائدہ ہی کیا جب منشور پر عمل نہ ہو ۔
مزید پڑھیں:پیپلزپارٹی کو دیوار سے نہ لگایا جائے ،بلاول
 

شیئر: