آزاد امیدوار نقصان پہنچا رہے ہیں،عمران خان
میانوالی...چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔قوم قرض لے کر غریب ہو رہی ہے۔روپے کی قدر کم ہونے سے قوم پر ایک ہزار ارب روپے کا قرض بڑھ گیا ۔10 سال پہلے ڈالر 60 روپے کا تھا آج 130 پر پہنچ گیا ۔ بجلی کی قیمت 400 فیصد بڑھ گئی ۔گیس 573 روپے فی یونٹ ہے۔پانچ سالوں میں پی آئی اے، واپڈا، سٹیل ملز اور ریلوے میں 3600 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔اقتدار میں آکر ملک کے نظام کو ٹھیک کرےنگے۔عوام الیکشن میں نظریئے کو ووٹ دیں۔پی ٹی آئی کے آزاد کھڑے ہونے والے لوگ پارٹی اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔پیر کو میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی قرضہ ہے۔ پاکستان میں ٹیکس سے جو پیسہ اکٹھا ہوتا ہے وہ قومی خزانے میں نہیں جاتا بلکہ چوری ہوتا ہے۔اس لئے قوم قرض لے کر غریب ہو رہی ہے۔ قرض کی قسطیں واپس کرنے کےلئے ٹیکس لگا دیتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ حکومت بنا کر ہی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔آزاد امیدوار کیسے ملک کا فائدہ کر سکتا ہے، وہ اپنا فائدہ کر سکتا ہے کیونکہ وہ منتخب ہو کر اپنے آپ کو نیلام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کا فائدہ صرف سیاسی جماعت ہی کر سکتی ہے۔ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ملک کے نظام کو ٹھیک کرے گی جس میں عوام کا فائدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں کسان پسا ہے لیکن ہم حکومت میں آکر زراعت کے شعبے کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔حکومت اپنے کسانوں کی دیکھ بھال کرتی ہے لیکن یہاں ان لوگوں نے کسانوں کا قتل کیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت اگائے جبکہ یہاں ان لوگوں نے جنگل تباہ کر دیا، ہم آنیوالی نسلوں کی بہتری کےلئے جنگلات بنائیں گے۔