عازمین حج کیلئے انتھک جدوجہد
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
ہر برس کی طرح امسال بھی عازمین حج کے قافلو ںکی ارض مقدس آمد شروع ہوگئی ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس آتے ہیں۔ یہ اسلام کا مرکز اور انکا قبلہ ہے۔ پانچوں وقت کی نمازیں خانہ کعبہ کا رخ کرکے ادا کی جاتی ہیں۔
سعودی عرب دنیا کے ہر علاقے سے آنے والے مسلمانوں کو سہولتوں کی فراہمی میں ا دنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیتا۔ سعودی قیادت اور عوام کی انتہائی کوشش ہوتی ہے کہ مسلمانان عالم کو روحانی سفرمیں کسی طرح کی کوئی زحمت نہ ہو۔ دنیا بھر کے مسلمان حج خدمات کے معترف ہیں۔ انکا انکار وہی لوگ کرسکتے ہیں جن کے دل میں کجی ہو۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ”طریق مکہ“ مکہ روڈ کے نام سے امسال ایک نئی سہولت کا اضافہ کیا ہے۔ اس کے تحت انڈونیشیا اور ملائیشیا سے آنے والے عازمین کی امیگریشن کی کارروائی مذکورہ دونوں ملکوں کے ہوائی اڈوں پر مکمل کی جارہی ہے۔ سعودی قیادت کی ہر ممکن کوشش یہی ہوتی ہے کہ ضیوف الرحمن کو پیش کی جانے والی سہولتوں میں کوئی نہ کوئی اچھوتا پن ضرور لایا جائے۔
سعودی عرب کو اس کا پورا حق ہے کہ وہ اپنے ماضی اور حال کی کارکردگی پر جتناچاہے فخر کرے۔ سعودی عرب مسلم دنیا میں بے نظیر کردارادا کررہا ہے۔ دنیا بھر سے مشاعر مقدسہ آنے والے عازمین کی نگہداشت ، انہیں آرام و راحت فراہم کرنے والے وسائل کا اہتمام سعودی عرب کا تشخص بن چکا ہے۔ عازمین کے ارض مقدس پر قدم رکھنے سے لیکر واپسی تک ریاست کا ہر ادارہ اور تمام متعلقہ افراد ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے 24گھنٹے چوکس اور مستعد رہتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭