بلاول نے ایک اور ’میثاق جمہوریت‘ کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کی خاطر تمام جماعتوں کے ساتھ میثاق جمہوریت پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ہمارا تجربہ اچھا نہیں رہا۔ ن لیگ نے میثاق جمہوریت پر اپنا اعتماد کھو دیا ہے تاہم ہم جمہوریت پسند تمام جماعتوں سے وسیع تر جمہوریت پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ضرورت پڑنے پر پارلیمان میں آنے والی تمام جمہوریت پسند جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کی بھی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی طور پر حقوق پر سمجھوتا نہیں کر سکتے۔ نواز شریف کو جیل میں بنیادی سہولیات فراہم کی جانی چاہییں جو ان کا حق ہے۔