نوازشریف کے کان بھرے گئے ،چوہدری نثار
فتح جنگ...سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ 25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے۔ 1985ءسے انتخابات لڑ رہا ہوں اور جیت بھی رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کہا کہ اداروں سے مت لڑیں۔ اللہ کرے نواز شریف کی مشکلات میں کمی آئے۔ فتح جنگ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ25جولائی کو پاکستان کے مستقبل کا الیکشن ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا نازک موڑ نہیں آیا۔ پاکستان کی معاشی اقتصادی صورتحال نازک صورتحال پر کھڑی ہے۔ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی کو خطرات لاحق ہیں۔ موجودہ دور میں 1971ءسے بڑے خطرات دیکھ رہا ہوں۔ ہر کوئی اس وقت وزیراعظم بننا چاہتا ہے۔ گھمبیر صورتحال کا قومی و حدت و اتحاد سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ آج دیکھ لیں ڈالر کہاں تک پہنچ گیا ۔ڈالر کی قیمت بڑھنے سے عام آدمی کو فرق پڑتا ہے۔کوئی یہ نہیں بتا رہا کہ اس ملک میں مہنگائی کیسے کم ہو گی ۔سارے سیاسی لیڈرز ایک دوسرے کے ساتھ دست گریبان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا نواز شریف کے کان بھرے گئے کہ میں انہیں غلط مشورے دیتا ہوں۔ اس بات کی بناءپر مجھے کہا گیا کہ ٹکٹ کیلئے درخواست جمع کرائیں۔ کبھی پارٹی ٹکٹ کیلئے خود درخواست نہیں دی اور آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔