سی بی آئی نے چدمبرم اور انکے بیٹے کیخلاف چارج شیٹ داخل کردی
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔سی بی آئی نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کیرتی کیخلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔انہیں ایئر سیل میکسس معاملے میں ملزم قراردیاگیاہے۔ سی بی آئی عدالت کے خصوصی جج او پی سینی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں چارج شیٹ دائرکی گئی جس پرعدالت31جولائی کو سماعت کریگی۔اس معاملے میں 18افراد کو ملزم قراردیتے ہوئے دفعہ 120 بی اور پی سی ایکٹ کی دفعہ 7،12,13کے تحت چارج شیٹ داخل کی ۔ان میں کئی سابق افسران کے نام بھی شامل ہیں۔ واضح ہو کہ 3500کروڑ روپے کے ایئر سیل میکسس معاہدے اور 305کروڑ روپے کے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں تحقیقاتی ایجنسیاں کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے کردار کی بھی اس معاملے میں چھان بین کررہی ہیں۔ ان کے وزیر خزانہ کے دورمیں دونوں کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی تھی۔اس میں غیر قانونی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا تھا۔اس سے قبل ای ڈی نے ایئر سیل میکسس معاملے میں کیرتی چدمبر م کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ اس معاملے میں چدمبرم سے بھی تفتیش کی گئی تھی۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے 10جولائی تک پی چدمبرم کی گرفتاری پر پابندی عائد کردی تھی۔