Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

50سال قبل گرنےوالے طیارے کا ملبہ برآمد

اتراکاشی، ہماچل پردیش.... ہماچل پردیش میں 50سال قبل ہندوستانی فضائیہ کا ا یک اے این 12طیارہ لاہول وادی میں گر کر تباہ ہوا تھا جس میں 102فوجی سوار تھے۔ اب ایک کوہ پیما نے ان فوجیوں میں سے ایک کی نعش کا پتہ لگایا ہے جبکہ طیارے کے کچھ حصے بھی ملے ہیں۔ یہ کوہ پیما اپنی اس ٹیم کا ایک حصہ تھا جس نے یکم جولائی سے اس بڑے علاقے میں صفائی مہم شروع کی ہے۔ یہ ساری باقیات سطح سمندر سے 6200میٹر بلند ڈھاکا گلیشیئر پر پائی گئی ہیں۔ ٹیم کے لیڈر راجیو راوت نے کہا کہ ہمیں طیارے کے کچھ حصے ملے جس کے بعد اسی جگہ سے کچھ میٹر دور ایک مسخ شدہ نعش کی باقیات ملیں۔ ہم نے اس کی تصاویر لیں اور پھر آرمی کی اعلیٰ کمانڈ سے رابطہ کیا اس کے بعد انکے فوجیوں نے علاقے کی تلاش شروع کردی۔سوویت ساختہ طیارہ 7فروری 1968ءکواس وقت لاپتہ ہوا تھا جب پائلٹ نے چندی گڑھ سے لیہ جاتے ہوئے خراب موسم کی وجہ سے طیارے کا رخ موڑنے کا فیصلہ کیا۔ روتانگ درہ کے اوپر سے گزرتے وقت طیارے کا ریڈیو رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔35سال بعد 2003ءمیں طیارے کا ملبہ کوہ پیماﺅں نے تلاش بھی کیا تھا۔ خیال ہے کہ جس فوجی کی نعش کی باقیات ملی ہیں اس کا نام سپاہی بیلی رام تھا۔
 

شیئر: