سادھوکا روپ دھار نے والا انعامی قاتل گرفتار
گورکھپور۔۔۔۔پولیس کی گرفت سے فرارملزم گزشتہ 9برس سے سادھو کا روپ دھار کر نیپال ، بہار سمیت دیگر مقامات پر چھپتا پھررہا تھا۔ گورکھپور پولیس نے ملزم کی گرفتاری پر25ہزار روپے انعام کا اعلان کیاتھا۔ اس دوران ملزم کے گورکھپور آنے کی اطلاع ملی۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے اسے پپرائچ ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا۔اس کے قبضے سے دیسی ساختہ پستول برآمد کیا۔ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے بتایا کہ ملزم برجیش پرتاپ سنگھ کشی نگر کا رہنے والا ہے۔ 2008ء میں گورکھپور ضلع میں این ایس اے کی کارروائی ہوئی تھی ۔ فروری 2010ء میں ایک مقدمہ میں پیشی کیلئے دیوریا ضلع جیل سے گورکھپور عدالت لایا گیا تھا اس دوران اس نے 2پولیس اہلکاروں کو چائے میں نشہ آور مادہ ملاکر پلا دیا تھا جس سے وہ بیہوش ہوگئے اور وہ موقع پاکر فرار ہوگیا۔ کینٹ تھانے میں اس کیخلاف مقدمہ درج کیا گیااس وقت سے برجیش مفرور تھا ۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ پولیس کی گرفت سے نکلنے کے بعد نیپال کے نارائن گھاٹ میں ایک ہفتہ رشتہ دار کے پاس ٹھہرا اس کے بعد بہار کے ضلع دربھنگہ پہنچا وہاں ایک آشرم میں پناہ لینے کے بعد گزشتہ 8برس سے سادھوکا روپ دھار کر زندگی گزارنے لگا۔گزشتہ ایک برس سے برجیش نے اپنے گھر آنے جانے کا سلسلہ شروع کررکھا تھا تاہم خفیہ ذرائع سے اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔