سیٹ بیلٹ باندھ لیں طیارہ اغوا ہوچکا ہے،مسافر
نئی دہلی۔۔۔۔چنڈی گڑھ سے سری نگر جانے والے انڈیگو ایئر لائنز کے طیارے میں اس وقت ہ خوف و ہراس پیدا ہوگیا جب ایک شخص اچانک چیخنے چلانے لگا کہ طیارہ اغوا کرلیا گیا ہے۔ منگل کوچنڈی گڑھ سے سری نگر جانے والے طیارے میں پرواز کے تھوڑی دیر بعد ایک مسافر کھڑے ہوکر چیخ چیخ کر کہنے لگا کہ سبھی لوگ سیٹ بیلٹ باندھ لیں طیارہ اغوا ہوچکا ہے۔یہ سن کر مسافروں میں سنسنی پھیل گئی ۔ سری نگر انٹر نیشنل ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ مسافر پنجاب کا رہنے والا تھا ۔ سری نگر میں طیارہ اترنے کے بعد پرواز کے عملے نے مسافر کیخلاف شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ مسافر کی جانب سے یہ حرکت محض ایک شرارت تھی تاہم پولیس نے اس شخص کیخلاف تحقیقات شروع کردی۔