ریاض .... سعودی وزیر اطلاعات و نشریات عواد بن صالح العواد نے واضح کیا ہے کہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ حج کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل کرنے والے سعودی عرب پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ وہ عالم اسلام کے صحافیوں اور اخبارات و جرائد کے مدیران سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان سے آئے ہوئے صحافی بھی موجود تھے۔ ان میں سید سرویز علی اور حمزہ ملک بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب نے کبھی کسی مسلمان کو فریضہ حج کی ادائیگی سے کبھی نہیں روکا۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی تاریخ روشن اور بے داغ ہے۔ انہوں نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا کہ سعودی عرب ضیوف الرحمان کی خدمت کو اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتا ہے۔ ایسے عالم میں کسی کو حج یا عمرے کی ادائیگی سے روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ بعض لوگ حج کو سیاسست زدہ کرنے کی نامراد کوششیں کررہے ہیں۔ ناکام ہوتے رہیں گے۔