نومنتخب قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو؟
اسلام آباد: نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلائے جانے کاامکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئین کے تحت صدر مملکت کےلئے عام انتخابات کے بعد ارکان کی حلف برداری کےلئے نئی قومی اسمبلی کا اجلاس 21 دن کے اندرطلب کرنا لازمی ہے ۔وزارت پارلیمانی امور کے ذرائع کے مطابق اجلاس پیر13 اگست کو طلب کیا جائے گا۔ سب سے پہلے نو منتخب ارکان سے موجودہ اسپیکر سردار ایازصادق حلف لیں گے ۔ حلف برداری کے بعد نئے اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔سردار ایاز صادق نئے اسپیکر سے حلف لینے کے بعد اسپیکر کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ نومنتخب اسپیکراپنی زیر نگرانی ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرائیں گے جس کے بعد آئندہ حکومت کوانتقال اقتدار کے لیے نئے وزیراعظم کے الیکشن کاشیڈول جاری ہوگا،قومی اسمبلی کے اجلاس میں آزاد امیدوارکسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد وہ اس پارٹی کا حصہ تصور ہوں گے ۔