جمعیت علمائے ہند نے آر ایس ایس طرز پر جمعیت یوتھ کلب قائم کردیا
نئی دہلی ..... جمعیت علمائے ہند نے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے ”جمعیت یوتھ کلب قائم کیا ہے۔ یہ کلب راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ کلب کے ارکان کو اپنے دفاع کیلئے مختلف تکنیکس کی تربیت دی جائیگی۔ جمعیت علماءپہلے مرحلے میں تقریباً10ہزار نوجوانوں کو تربیت دے گی۔ کلب کی افتتاحی تقریب دیو بند کے فردوس گارڈن میں کی گئی۔ جمعیت کے جنرل سیکریٹری مولانا محمود مدنی نے اسکے طریقہ کار اورآئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 6ماہ میں 10ہزار مسلم نوجوانوں کو تربیت دی جائیگی اور فروری 2019ءمیں ایک کھلے میدان میں انکی مہارت کا مظاہرہ ہوگا۔ اس موقع پر گجرات، ہریانہ اور اترپردیش جیسی ریاستوں کے 96ارکان نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں گاﺅ رکشا کے نام پر ہونے والے ہجومی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر کئی مسلمان تنظیموں اور جماعتوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حال ہی میں راجستھان کے شہر الور میں ایک 28سالہ مسلم نوجوان کو ہجوم نے اس وقت تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا جب اس پر گاﺅ ںوالوں نے گائے کی اسمگلنگ کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ جمعیت علمائے ہند ، ملک کی سب سے بڑی اسلامی تنظیم ہے جو 1919ءمیں ممتاز عالم دین شیخ الہند مولانا محمود حسن، مولانا سید حسین احمد مدنی، مولانا احمد سعید دہلوی، مفتی کفایت اللہ دہلوی،مفتی محمد نعیم لدھیانوی، مولانا احمد علی لاہوری اور دیگر نے قائم کی تھی۔