بنگلہ دیش کا معرکہ، ویسٹ انڈیز سے سیریز جیت لی
کنگسٹن:تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو 3ون ڈے کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 18 رنز سے ہرا کر سیریز 1-2سے جیت لی ۔ بنگلہ دیش نے 9 برس بعد ایشیا سے باہر ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔ تمیم اقبال نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بولرز کی خوب دھنائی کی اور سنچری مکمل کی۔ تمیم 103 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ محموداللہ 67 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ جواب میں میزبان ویسٹ انڈین ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 283 رنز بنا سکی۔ رومان پاول کی 74 ،کرس گیل کی 73 اور شے ہوپ کی 64 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ تمیم اقبال میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سیریز کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 6 وکٹوں پر 301 رنز بنائے۔ انعام الحق 10، شکیب الحسن 37، مشفق الرحیم 12، مشرفی 36 اور صابر رحمان 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ مصدق حسین 11 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ جیسن ہولڈر اور ایشلے نرس نے 2، 2 جبکہ شیلڈن کو ٹریل اور دیوندرا بیشو نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں ویسٹ انڈین مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 283 رنز بنا سکی۔ کرس گیل، شے ہوپ اور رومان پاول کے علاوہ ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی بنگال ٹائیگرز کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا تاہم پا ول کی 74 ،گیل کی 73 اور ہوپ کی 64 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئیں۔ ایون لیوس 13، ہٹمائر 30، کیرن پا ول 4 اور کپتان ہولڈر 9 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔مشرفی نے 2 جبکہ مہدی حسن میراز، مستفیض الرحمان اور روبیل حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔