’’ٹرائی‘‘ کے چیئرمین چیلنج میں ناکام،آدھار نمبر شیئر نہ کرنے کی ہدایت
نئی دہلی۔۔۔۔۔آدھار اتھارٹی کے چیئرمین آر ایس شرما نے ٹوئٹر پر اپنا آدھار نمبر پوسٹ کر کے چیلنج کیا تھا کہ ان کے آدھار نمبر سے ان کی ذاتی معلومات حاصل کرکے دکھائیں۔شرما کے چیلنج کے بعد چند منٹ بعدہی ان کا موبائل نمبر اور پین نمبرعام کر دیا گیا ۔ایک ہیکر نے تو شرما کی نجی زندگی سے جڑے کئی اعداد و شمار جمع کر کےعام کردیا۔ اس میں شرما کا پتہ، یوم پیدائش، متبادل فون نمبر وغیرہ شامل ہیں۔ انھوں نے ان اعداد و شمار کو جاری کرتے ہوئے شرما کو بتایا کہ آدھار نمبر عام کرنے کے کیا خطرات ہیں؟۔میڈیا کے مطابق شرما کے آدھار نمبر کا استعمال کر کے کسی نے ان کی بیٹی کا ای میل حاصل کرنے کے بعد دھمکی آمیزمواد بھیجا۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ اگر ان کے والد نے فوراً اپنا اکاؤنٹ ڈلیٹ نہیں کیا تو ان کی تمام حساس فائلیں میڈیا میں افشا کر دی جائیں گی۔ یو آئی ڈی اے آئی نے اس پر وضاحت پیش کرتے ہوئے آدھار کے ڈاٹا کو پوری طرح محفوظ بتایا ہے۔ یو آئی ڈی اے آئی نے کہا کہ شرما سرکاری ملازم ہیں اور جو معلومات ان کے بارے میں دی گئی ہیں وہ پہلے ہی مختلف سائٹس پر موجود ہیں۔واضح ہو کہ چند روز قبل میڈیا سے بات چیت میں ٹی آر اے آئی( ٹرائی) کے چیئرمین آر ایس شرما نے کہا تھا کہ آدھار ذاتی جانکاری سے متعلق کوئی خلاف ورزی نہیں کرتا ۔ حکومت کو حق ہے کہ وہ شہریوں کا پرسنل پروفائل بنائے کیونکہ وہ انھیں سبسڈی دیتی ہے۔ اس کے بعد ایک ٹوئٹر یوزر نے آر ایس شرما کو اپنا آدھار نمبر شیئر کرنے کے لیے چیلنج کیا جس پر آر ایس شرما نے اپنا آدھار نمبرعام کر دیا۔اس کے بعد لوگوں نے آر ایس شرما کے موبائل نمبر، پین نمبر، بینک اکاؤنٹ ڈیٹیل کے علاوہ کچھ ذاتی تصویریں، فریکوینٹ فلایر نمبر اور ای میل سےمتعلق معلومات وغیرہ پوسٹ کردیں۔ ایک یوزر نے تو ان کے بینک اکاؤنٹ میں ایک روپیہ بھی جمع کرا کر بتایا کہ کیسے ان کا بینک اکاؤنٹ ہیک کیا جاسکتا ہے۔