لاہور...مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ خاں نے دعویٰ کیاہے کہ 13 نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں پنجاب میں حکومت ہم ہی بنائیں گے۔عام انتخابات کے بعد ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں رسہ کشی جاری ہے۔تحریک انصاف کی جانب سے آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کے بعد صوبائی حکومت بنانے کے لئے سادہ اکثریت حاصل ہونے کا دعوی کیا گیا اب مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بھی پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے اکثریت حاصل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی وی انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ 13نو منتخب آزاد ارکان صوبائی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں پیپلز پارٹی بھی ہمیں ہی پنجاب میں حکومت سازی کے لئے ووٹ دے گی ۔انہوں نے کہا کہ 130 نشستیں جیتے ہوئے ہیں حکومت بنانے کے لئے 18 اراکین کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کے 6 اور 13آزاد ارکان کے ملنے سے ہماری حکومت پنجاب میں بن جاتی ہے۔یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کوپنجاب اسمبلی میں مطلوبہ ارکان ملنے کی صورت میں حمزہ شہباز کو قائد ایوان بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اگر (ن) لیگ پنجاب میں حکومت بنانے میں ناکام رہی تو سعد رفیق کو قائد حزب اختلاف بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:قومی اسمبلی کا اجلاس کب ہوگا؟