عمران خان کو شاہ فیصل مسجد میں حلف اٹھانے کی تجویز
اسلام آباد ... سابق سیکر ٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ عمران خان عہد حاضر کے کسی بھی لیڈر کی نسبت زیادہ کر شماتی شخصیت ہیں جو پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی ریاست میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے الیکشن میں کامیابی کے فورا بعد ریاست مدینہ کی بات کی تھی۔ اپنے اسلامی قومی بیانیے کی روشنی میں انہی شاہ فیصل مسجد میں وزارت عظمی کا حلف اٹھا کر نئی اسلامی روایت قائم کرنی چاہئے ۔شاہ فیصل مسجد میں تمام اسلامی ممالک کے سفارتکاروں اور ریاستی اداروں کے سر براہان کو سیکیورٹی مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔ عمران خان کا یہ عمل فرزندان اسلام کوتازہ ہوا کا جھونکا محسوس ہوگا۔ پاکستانی عوام اپنے تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان کی اس روایت پر لبیک کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متوقع وزیر اعظم عمران خان جن تکلیف دہ اور مشکل حالات کا سامنا کر رہے۔ ان حالات میں شاہ فیصل مسجد میں حلف اٹھانے سے پوری قوم ان کی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔