برطانیہ اور لندن میں اثاثے،پاکستانیوں کو نوٹس
اسلام آباد..ایف بی آر نے برطانیہ اور دبئی میں جائیداد بنانے والے 15سو پاکستانیوں کو شوکاز نوٹس ارسال کرنے کافیصلہ کرلیا۔ ایف بی آر پیر سے باقاعدہ نوٹس بھیجے گی جو2مرحلے پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلے میں ان ایک ہزار افراد کو نوٹس ارسال کیا جائے گا جنہوں نے برطانیہ میں جائیداد بنائی اور باقاعدہ ماہانہ کرایہ وصول کیا۔ دوسرے مرحلے میں دبئی میں جائیداد بنانے والے 500 افراد کو ہیڈکواٹر سے نوٹس ارسال کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے بتایا کہ ایف بی آر پہلے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیداد ہیں یا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اثاثے ظاہر نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ بطور اپوزیشن جماعت، پی ٹی آئی نے حکومت کو ٹیکس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا مطالبہ کیا تھا۔ایف بی آر کے مطابق 82 ہزار 848 افراد نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاکر اپنے اثاثے ظاہر کئے۔ 5 کھرب روپے مالیت کے اثاثوں کو وائٹ منی میں تبدیل کیاگیا۔ان میں 5 ہزار 363 افراد نے بیرون ملک اثاثے جبکہ 77 ہزار 485 افراد نے اندورن ملک اثاثے ظاہر کئے ۔ایمنسٹی اسکیم کے تحت 2 ماہ میں ایف بی آر نے 121 ارب روپے ٹیکس وصول کئے۔ 44 ارب روپے بیرونی ملک اثاثوں جبکہ 77 ارب روپے اندرون ملک اثاثوں پر مشتمل تھے۔