پی سی بی کا ناراض گروپ شکایت لئے بنی گالہ پہنچ گیا
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ناراض آفیشلز کا ایک گروپ بورڈ میں موجود بے ضابطگیوں کی شکایت لگانے بنی گالہ پہنچ گیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے پی سی بی میں موجود کرپشن اور بدعنوانیوں کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔پی سی بی کے ان ناراض آفیشلز کے ایک گروپ نے عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں حالیہ عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل صدر کی قیادت میں عمران خان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پی سی بی کے معاملات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے سربراہ شکیل شیخ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، مالی بے ضابطگیاں اور اقرباء پروری پی سی بی کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں پھیلی بدعنوانیوں کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ناگزیر ہیں اور وقت کا تقاضا ہے کہ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔چیئرمین تحریک انصاف نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے بورڈ میں جاری بے ضابطیوں کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کرکٹ کے نظام میں پختگی اور بہتری کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔