صنعا .....یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کیلئے سرگرم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ عرب اتحاد یمن میں القاعدہ،داعش اور ایران نواز حوثی گروپوں جیسے دہشتگرد گروپوں کےخلاف نبرد آزما ہے‘ہم یمن میں دہشتگردی کےخلاف جنگ لڑ رہے ہیں‘یہ تمام دہشتگرد گروپ انتہا پسندانہ نظریات میں تصویر کا ایک ہی رخ ہیں۔انتہا پسندانہ نظریات، عدم برداشت اور مل جل کر نہ رہنے کی پالیسی ان کی مشترکہ قدریں ہیں۔منگل کو ایک بیان میںالمالکی نے کہا کہ دوست اور برادر ملکوں کےساتھ مل کر دہشتگرد تنظیموں کا نیٹ ورک تباہ کرنے کا عمل،ان کےخلاف زمینی، فضائی اور بحری حملے جاری رکھے جائیں گے۔یہ دہشتگردی کےخلاف جنگ ہے اور ہم پوری دنیا کی سلامتی کیلئے لڑ رہے ہیں۔کرنل ترکی المالکی نے یمن جنگ امریکا اور اس کے اتحادیوں اور القاعدہ سے مربوط کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ مسترد کردی۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی خبر رساں ایجنسی نے غیر پیشہ وارانہ اور من گھڑت معلومات کی بنیاد پر عرب اتحاد کی یمن میں جاری کارروائیوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ شائع ہونے والی معلومات حقائق کے منافی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یمن میں دہشتگردوں کےخلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رکھی جائےگی۔ ہماری جنگ کسی ایک گروپ کےخلاف نہیں بلکہ عالمی دہشتگردی کےخلاف ہے۔ یمن میں حوثیوں، جزیرہ العرب کی القاعدہ اور داعش جیسے تمام گروپوں کی بیخ کنی تک جنگ جاری رہے گی۔