Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی: بارش سے 13افراد ہلاک،73ہزار سے زائد متاثر

لکھنؤ۔۔۔۔۔اتر پردیش میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیلاب کے باعث گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 13افراد ہلاک اور 73289متاثر ہوئے۔ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آفات و راحت رسانی کے ادارے نے کارروائی تیز کردی۔ادارے کے ڈائریکٹر اودت اوپراؤ نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع فرخ آباد، فیض آباد ، بجنور ، کانپور دیہات، کانپور سٹی ، گونڈا ، بہرائچ ، بارہ بنکی ، لکھیم پور کھیری، سیتا پور ، پیلی بھیت کے 141دیہات میں راحت رسانی کے کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیں۔ سیلاب میں محصور 15197افراد کو این ڈی آر ایف کی ٹیموں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کیاجاچکا ہے۔ گونڈہ میں دریائے گھاگھراخطرے کے نشان سے 64سنٹی میٹر اوپر بہہ رہا ہے۔بلرام پور میں دریائے راپتی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ مراد آباد میں ٹھاکر دوارا تحصیل میں پھیکا ندی پر قائم پل سیلابی ریلے میں ٹوٹ پھوٹ گیا۔دھورہرا تحصیل کے عیسیٰ نگر علاقے میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ بہرائچ سرحد پر آباد 20گاؤں کے تقریباً50ہزار افراد سیلاب میں محصور ہوکر رہ گئے۔ شدید بارش کے باعث  گاؤں اور دیہات کا رابطہ شہرسے منقطع ہوگیا ۔ شاہراہ سے گاؤں تک 12سے 18کلومیٹر تک آبی سفر سے انتظامیہ گریز کررہی ہے۔ گاؤں کے لوگوں کو پینے کاپانی میسر نہیں اور مویشیوں کیلئے چارے کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔گاؤں والے امداد ور احت رسانی کی ٹیموں کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - - -جوسف کی سپریم کورٹ جج کے بطور حلف برداری

شیئر: